سبی :آپریشن میں بی ایل اے کمانڈر قائد اعظم ریذیڈ نسی پر حملے کے ملزم سمیت 10 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ+ پشاور+ لاہور + باغ(ایجنسیاں، سٹاف رپورٹر) سبی کے علاقہ سنگان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران بی ایل اے کے دو اہم کمانڈروں سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک، 12 کو گرفتار کرلیا۔ ہلاک ہونیوالا ایک کمانڈر اسلم زیارت قائداعظم ریذیڈنسی حملے میں ملوث تھا جبکہ چاغی میں ایف سی نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ٹریکٹر سے 54 تھیلے بارود، 46 دیسی ساختہ بم، 7 تھیلے ڈیٹونیٹرز بھی برآمد کرلئے۔ آپریشن کے دوران سینکڑوں بم، راکٹ لانچر سمیت بڑی تعداد میں دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ایف سی نے بلوچستان میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ چاغی میں پاک افغان سرحدی علاقے پنجیائی میں ٹریکٹر سے بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد کر کے دو ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا۔ لاہور، پشاور اور کوئٹہ ، ملتان میں سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں سمیت 91مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مشتبہ افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ لاہور میں پولیس نے ہربنس پورہ، گجرپورہ، مصری شاہ، فیکٹری ایریا ہوٹلوں، ہاسٹلز اور کچی آبادی میں سرچ آپریشن کیا گیا جہاں سے 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا گیا۔تعلیم دشمن عناصر کا آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے کالج میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیاگیا‘بم کی اطلاع پر انتظامیہ نے کالج کو طلباء سے خالی کروا لیا‘بم ڈسپوزل سکواڈ نے پریشر ککر سے دیسی ساختہ 2 بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دئیے۔ ہفتہ کو آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے نجی کالج میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق بم دیسی ساختہ تھے جو کہ ایک پریشر ککر کے اندر چھپائے گئے تھے جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کالج میں بم کی اطلاع کے بعد کالج انتظامیہ نے کالج کی عمارت کو خالی کروا لیا۔