لوڈ شیڈنگ جاری، گیس قلت بھی برقرار، شہریوں کو شدید مشکلات
لاہور (کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی قلت کا سلسلہ گذشتہ روز ہفتہ وار تعطیل کے باوجود بھی جاری رہا تاہم بجلی کا شارٹ فال کم ہونے کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں ایک سے دو گھنٹے کی کمی آئی ہے۔ ہفتہ کے روز بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور اور پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں 6 سے7گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 10گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی گئی، دوسری جانب ہفتہ وار تعطیل کے با وجود شہر میں گیس کا بحران رہا۔ سردی کے باعث گیس کی قلت برقرار رہی جبکہ گیس کے پر یشر میں شدید کمی اور لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی عروج پر رہا۔ بیشتر علاقوں میں گیس کے پریشر میں کمی کے ساتھ لوڈ شیڈنگ بھی ہوتی رہی۔ گیس میں لائنز سے متصل گیس کنکشن والے صارفین کو دن کے بیشتر حصے میں انتہائی لو پریشر کے ساتھ گیس ملتی رہی جبکہ پیک آورز میں گیس کی بندش بھی جاری رہی۔ برانچ لائنز اور چھوٹی پائپ لائنز میں گیس کا پریشر خاصا کم ہو نے کے باعث بعض صارفین کودن بھر گیس کی لوڈشیڈنگ کا سامنا بھی کر نا پڑا۔ یوں شہری گیس اور لوڈشیڈنگ کے دوہرے عذاب میں مبتلا رہے، کوئلہ، ایل پی جی اور لکڑی سمیت دیگر متبادل ذرائع کا استعمال کرتے رہے۔ تندور والے اور نانبائی لکڑیاں جلاتے رہے۔ ننکانہ صاحب میں سوئی گیس کا پریشر ٹھیک نہ ہو سکا، شہر اور گردونواح میں سوئی گیس کی بدترین بندش اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے خاتون خانہ کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا۔ مسلسل 20,20گھنٹے سوئی گیس کی طویل بندش سے خواتین کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے صحافیوں کو بتایا سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث ان کے بچوں بغیر ناشتے کے ہی سکولوں میں جانے پر مجبور ہیں، مجبوراً ہوٹلوں کے مہنگے کھانے منگوانے پڑتے ہیں، وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے ننکانہ شہر میں جاری سوئی گیس کی سپلائی کی یقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں سمبڑیال میں بھی بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ جاری، شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔