ادارے کا غلط نام استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی: چیئرمین نیب
لاہور (آئی این پی) چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ بدعنوان عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور احتساب کے شفاف نظام کو یقینی بنانے پر نیب لاہور کے افسران کی کارکردگی تسلی بخش ہے جبکہ نیب افسران نے پیشہ وارانہ مہارت اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ ہفتہ کو یہاں نیب لاہور کی سالانہ جائزہ کارکردگی رپورٹ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے ہر شخص کو اپنا احتساب کرنا ہو گا‘ خود احتسابی کو فروغ دینے سے ہی ہم ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں۔ چیئرمین نیب نے خبردار کیا کہ جو بھی ادارے کا نام غلط استعمال کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی‘ قوم کو نیب سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں ان توقعات پر پورا اترنا ہے۔