کالعدم تنظیمیں داعش میں ضم ہو کر منظم ہو رہی ہیں: اے این پی
نوشہرہ (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ باچا خان یونیورسٹی کل (پیر) سے دوبارہ کھل جائے گی۔ سکیورٹی پر ہمارے تحفظات ہیں۔ وزیر اعظم میاں نوازشریف نے آرمی پبلک سکول کو جتنی اہمیت دی تھی، اسکے برعکس باچا خان یونیورسٹی پر حملے کو اتنی اہمیت نہیں دی۔ وزیراعظم نواز شریف نیشنل ایکشن پلان کا از سر نوجائز ہ لینے کیلئے کل جماعتی کانفرنس بلائیں۔ داعش کاوجو د پاکستان میں موجود ہے، تمام کالعدم تنظیمیں بشمول القاعدہ داعش میں ضم ہوکر از سر نو منظم ہورہی ہیں۔ داعش کے خلاف سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں ۔ دہشت گردوں کے خلاف قبائل ، کراچی سمت پورے ملک بشمو ل پنجاب کاروائیاں تیز کرنا ہوں گی۔ جب تک نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل نہیںہوگا، امن قائم نہیں ہوگا۔ وہ نوشہر ہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔