• news

سانحہ بلدیہ کیس:فکٹری مالکان کی عدم حاضری پر عدالت کااظہار برہمی استشنی کی درخواست مسترد

کراچی (وقائع نگار/نوائے وقت نیوز) کراچی میں سٹی کورٹ میں سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت ہوئی۔ فیکٹری مالکان کے غیرحاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ استثنیٰ حاصل کئے بغیر مالکان غیرحاضر نہیں ہو سکتے جس پر فیکٹری مالکان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکلوں کی جان کو خطرہ ہے اس لئے وہ پاکستان نہیں آسکتے ہیں۔ عدالت نے وکیل کا موقف ماننے سے انکار کرتے ہوئے فیکٹری مالکان کی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کردی۔ دریں اثناء کیس کے تفتیشی افسر ایس پی ساجد سدوزئی نے سانحہ بلدیہ سے متعلق پیشرفت پر رپورٹ جمع کرائی۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ فیکٹری مالکان کی جے آئی ٹی کو حتمی شکل دینے کیلئے اتھارٹی کو خط لکھ دیا ہے۔ جے آئی ٹی نے دوبارہ تفتیش مکمل کرلی ہے۔ محکمہ داخلہ کے احکامات پر رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔ جے آئی ٹی رپورٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ منظوری کے لئے بھیج دی گئی ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ بلدیہ پولیس کی نااہلی کی وجہ سے 3 برس سے التواء کا شکار ہے۔ اس موقع پر مفرور ایم کیو ایم کارکن منصور کے ناقابل ضمانت گرفتاری بھی جاری کئے گئے۔وقائع نگار کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے تفتیشی ٹیم کو مکمل رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن