• news

پاکستان سائیکلسٹس نے پہلی بار 4 میڈلز جیت کر تاریخ رقم کردی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) 12 ساوتھ ایشین گیمز میں پاکستان کے میڈل کا سلسلہ جاری۔ باکسنگ ایونٹ میں پاکستان کے چار باکسرز نے ٹائٹل کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ سائیکلنگ میں پاکستانی ٹیم نے پہلی بار ایک سلور اور تین برانز میڈل جیت کر ملکی تاریخ رقم کر دی۔ بھارت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق باکسنگ کے کھیلے جانے والے سیمی فائنل مقابلوں میں پاکستان کے محب اﷲ نے 49 کلو گرام کلاس میں افغانستان کے فرحاد کو تین طفر سے مات دیکر فائنل میں جگہ بنائی۔ 75 کلو گرام کلاس میں تنویر احمد نے بھوٹان کے تاشی نوربو کو تین صفر سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی۔ 60 کلو گرام میں علی احمد نے سری لنکا کے سنجیوا کو دو ایک سے ہرایا جبکہ 52 کلو گرام کے سیمی فائنل مقابلے میں پاکستانی باکسر سید آصف نے سنکیوا کے خلاف تین صفر سے کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔ سائیکلنگ کے مقابلوں میں پاکستان ٹیم کو بھارت میں سخت مشکلات کا سامنا رہا اس کے باوجود بھی پاکستان ٹیم نے ساوتھ ایشین گیمز میں ملکی تاریخ کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک سلور اور تین برانز میڈل جیتے۔ سیکرٹری پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اظہر علی شاہ کے مطابق پاکستان مینز ٹیم نے 70 کلو میٹر ٹیم ٹرائل ایونٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے سلور میڈل اپنے نام کیا اس مقابلے میں پاکستان ٹیم میں نثار احمد، حبیب اﷲ، نجیب اﷲ اور اویس خان شامل تھے۔ اسی روز ہونے والے خاتون کے ہونے والے ٹیم ٹائم ٹرائل پاکستان کی صبیحہ، راشدہ منیر، راجیہ صابر اور فیضہ ریاض تیسرے نمبر پر رہتی ہوئی برانز میڈل کی حقدار قرار پائیں۔ اس سے قبل پاکستان کی صبیحہ نے 30 کلو میٹر ویمن انفرادی ایونٹ میں برانز میڈل ملک کے نام کیا۔ انفرادی 100 کلو میٹر روڈ ریس میں پاکستان کے نثار احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے برانز میڈل کے ساتھ ملک کے لیے چوتھا میڈل اپنے نام کیا۔ پاکستانی کبڈی ٹیم سری لنکا کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی، فائنل میں مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن