پنشنرز کی مشکلات پر وفاقی محتسب کا ازخود نوٹس
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی محتسب نے پنشن کے حصول کیلئے اداروں کے چکر کاٹنے والے ریٹائرڈ ملازمین کے حوالے سے از خود نوٹس لیتے ہوئے آج سوموار 15 فروری کو وزارت خزانہ سمیت تما م وزارتوں کے سیکرٹریوں کو طلب کرتے ہوئے 30 دن میں تمام سرکاری ملازمین کو ادائیگیوں سمیت تمام واجبات ادا کر نے کا حکم دیدیا۔ وزارت خزانہ اور اے جی پی آر سے تجاویز طلب کرلی گئیں۔ وفاقی محتسب نے سیکرٹری خزانہ، اے جی پی آر، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ریلوے، سٹیٹ بنک، نادرا، سی ڈی اے، صحت، مذہبی امور، پی آئی اے ،سول ایوی ایشن، ذرائع و ابلاغ سمیت 67 ادراروں و وزارتوں کے سربراہوں و سیکرٹریوں کو طلب کرلیا۔ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کو پنشن کے حصول کا علیحدہ طریقہ کار جبکہ گریڈ 17 سے 22 تک ملازمین کو بنک کے ذریعے پنشن اور واجبات دیے جانے کی تجویز پیش کی جائیگی۔ رجسٹرار وفاقی محتسب ایڈووکیٹ حافظ احسان کھوکھر نے بتایا کہ 31 مارچ تک تمام سرکاری ملازمین جن کو اب تک واجبات اور پنشن نہیں مل سکی ہے، انہیں دینے کے احکامات دیدیئے گئے۔ لائحہ عمل بنایا جا رہا ہے کہ جس ملازم نے پنشن جانا ہوگا۔ اس حوالے سے 6 ماہ قبل ہی کام شروع کردیا جائیگا اور انکے پنشن والے دن کو تمام تر کارروائی مکمل ہی ملے گی۔