یورپی یونین ڈی پورٹیز معاہدہ دہشتگردی کنٹرول کرنے میں معاون ہو گا: وزارت داخلہ
اسلام آباد (آن لائن) یورپی یونین کے ساتھ ڈی پورٹیز کے حوالے سے وزارت داخلہ کا معاہدہ دہشت گردوں کا پاکستان میں داخلہ مکمل طور پر بند ہونے سمیت دیگر جرائم میں ملوث افراد اور بالخصوص انسانی سمگلنگ کی واردتوں کی روک تھام کے لئے سود مند ثابت ہو گا۔ معاہدے کے بعد ایف آئی اے کو متحرک کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل 2009ء میں معاہدے کو چودھری نثار علی خان نے ہی معطل کر دیا تھا جس کی بڑی وجہ غیر ممالک کا بغیر ٹھوس شواہد کے پاکستان میں ڈی پورٹیز کے منتقل ہونے سے جرائم میں اضافہ اور ملکی بدنامی تھی، اس سے قبل کسی بھی ملک سے کسی بھی جرم یا دہشت گردی کا الزام لگا کر پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا جاتا تھا اور جب جہاز ایئر پورٹ پر آکر رکتا تو اس وقت پاکستانی حکومت کو آگاہ کیا جاتا تھا کہ اس جہاز میں ڈی پورٹیز ہیں جو کہ ملکی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی تھی۔ یورپی یونین کے ساتھ نئے معاہدے میں اتفاق کیا گیا کہ اب بغیر کسی ٹھوس ثبوت اور بغیر کسی اطلاع کے کسی بھی ڈی پورٹی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ معاہدہ کے تحت انسانی سمگلروں کے ذریعے باہر جانے والے افراد اور انسانی سمگلروں کا بھی قلع قمع کیا جا سکے گا۔ ڈی پورٹ کئے جانے والے افراد کے بارے میں پہلے پاکستانی وزارت داخلہ کو آگاہ کیا جائے گا اور شواہد کی روشنی میں پاکستانی حکومت کسی بھی ڈی پورٹی کو قبول کرے گی۔ یہ باتیں وزارت داخلہ کے ترجمان محمد سرفراز خان نے بتائیں۔