جعلی ادویات بنانے والوں کو ملنے والی سزا ان کی نسلیں یاد رکھیں گی : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بین الاقوامی معیار کی ملک کی پہلی ماڈل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کیا۔ انہوں نے افتتاح کے بعد ماڈل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا دورہ کیا اور مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ شہباز شریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں صوبے میں پنجاب فرانزک فوڈ اینڈ ڈرگ ٹیسٹنگ ایجنسی کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ اس ایجنسی کے قیام سے صوبے میں غیرمعیاری، ملاوٹ شدہ خوراک، ادویات اور زرعی ادویات و سپرے کا خاتمہ ممکن ہوگا اور اس ضمن میں فوری طور پر قوانین بنائے جائیں گے اور یہ ایجنسی مکمل طور پر بااختیار اور خودمختار ادارے کے طور پر کام کریگی اور یہ ادارہ ہر قسم کی مداخلت سے پاک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے افتتاح کے بعد صوبے میں ایک نئے نظام کی بنیاد رکھ دی گئی ہے جسے تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ صوبے میں ایسا نیا نظام لا رہے ہیں جس سے اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ کے ساتھ انسانوں کیلئے جعلی ادویات اور زراعت کیلئے غیر معیاری و جعلی ادویات تیار کرنے والوں کو کڑی سزائیں ملیں گی۔ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے جعلی اور غیر معیاری ادویات کے گھناﺅنے کاروبار میں ملوث مافیا کا خاتمہ کریں گے اور انہیں ایسی سزائیںملےں گی کہ ان کی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ ماڈل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے قیام کا مقصد پنجاب میں ادویات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ لیب میں کام کرنے والوں کو لندن کی ایل جی سی لیب سے تربیت دلائی گئی ہے ۔ آہستہ آہستہ ان لیبز کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ یہ بھی ایک افسوسناک امر ہے کہ 68 سال سے قوم کو حقائق سے دور رکھ کر اندھیروں میں دھکیلا جاتا رہا ہے۔ ”سب اچھا“ کی رپورٹس کے ذریعے حقائق کو چھپانے کی روش رہی ہے لیکن میں بحیثیت خادم اعلیٰ حقائق عوام کے سامنے لانا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔ سال 2010-11 میں بدقسمتی سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں غیر معیاری ادویات کے باعث تقریباً سو سے زیادہ اموات ہوئیں جس کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ڈالی جا رہی تھی لیکن میں حقائق عوام کے سامنے لانا چاہتا ہوں۔ میں نے ان ادویات کے نمونے لندن میں ایل جی سی کے علاوہ فرانس اور جینوا کی لیبارٹریوں میں بھجوائے جبکہ اس وقت کی وفاقی حکومت جو کہ پیپلز پارٹی کی تھی نے ادویات کے نمونے فیڈرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کو بھیجے جس کی رپورٹ میں ان ادویات کو درست قرار دیا گیا۔ شاید یہ اس لئے ہو کہ ادویات سازی کا تعلق وفاقی حکومت کے اداروں سے تھا اور اگر ہم مریضوں کو دی جانے والی ادویات کا تجزیہ پنجاب کی کسی ڈرگ ٹیسٹنگ لیب سے کراتے تو شاید کوئی اسے تسلیم نہ کرتا۔ لیکن جب لندن کی ایل جی سی لیب کی رپورٹ آئی تو اس میں واضح ہوا کہ مریضوں کو دی جانے والی ادویات امراض قلب کیلئے نہیں بلکہ ملیریا کے مرض کیلئے تھیں اور ان ادویات میں ملیریا کے اجزا موجود تھے، بعد میں فرانس اور جینوا کی لیبزکی رپورٹوں نے بھی اسی لیب کی رپورٹ کی تصدیق کی جس سے حقائق سامنے آئے اور یہ بات مزید واضح ہو گئی کہ ہماری ڈرگ ٹیسٹنگ لیب میں کوئی کام نہیں ہوتا تھا بلکہ سب کچھ فراڈ تھا اور لوگوں کی آنکھوں میں دھول ڈالی جا رہی تھی۔ عوام کے سامنے حقائق آنے چاہئیں اور میں آج دل سے بات کر رہا ہوں۔ جعلی و غیر معیاری ادویات بنانے والے اور بعض سرکاری محکموں کے کرپٹ عناصر کا گٹھ جوڑ ایک مافیا ہے جو کبھی نہیں چاہتے تھے کہ یہاں پر جدید ڈرگ ٹیسٹنگ لیب بنے۔ وزیراعلی نے لیبارٹری کے افتتاح کمے بعد اس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے ترک شہر استنبول کے میئر ڈاکٹر قادرتوپباش کے اعزاز میں عشائیہ دیا خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین گہرے‘ تاریخی‘ سماجی اور معاشی برادرانہ روابط قائم ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے عوام کے مابین باہمی محبت اور احترام کا مضبوط رشتہ موجود ہے۔ قبل ازیں وزیراعلی نے ائرپورٹ پر استبنول کے میئر کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے ٹنڈو جام کے قریب ٹرین اور وین کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف