مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کے ہاتھوں طالبہ سمیت دو مظاہرین کی شہادت کیخلاف مکمل ہڑتال‘ میرواعظ نظربند
سری نگر(آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے مظاہرین پر فائرنگ سے طالبہ سمیت2کشمیریوں کی شہادت کے خلاف پیر کو شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی گئی ۔ ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس چیئر مین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماﺅں یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق نے دی تھی۔ ہڑتال کے دوران وادی میں پیر کو کاروبار زندگی مکمل بند رہا، جبکہ کٹھ پتلی حکومت نے سری نگر میں میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کر کے سکیورٹی تعینات کر رکھی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطاق بھارتی فوج کی جانب سے کئی علاقوں میں کرفیو بھی نافذ کر رکھا تھا۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس ” گ“ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کاکہ پورہ میںقابض فوج کی جانب سے احتجاج کرنیوالے کشمیریوں پر طاقت کے بہیمانہ استعمال میں معصوم جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارت کی فورسز اور مقامی پولیس کو انسانی خون کا چسکہ لگا ہوا ہے اور وہ بلا روک ٹوک کشمیر میں انسانی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں اور یہاں تک کہ صنف نازک کو بھی گولیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ دریں اثناء حریت چیئرمین نے چوکی بل اور کاکہ پورہ پلوامہ میں جھڑپ میں شہید کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم ان سرفروشوں کے مقروض ہیں جو ہماری آزادی کے لئے جانوں کی قربانی پیش کرتے ہیں۔ کشمیری کوئی جنگ پسند لوگ نہیں وہ بھی دوسروں کی طرح امن اور آشتی کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتے ہیں البتہ جموں کشمیر اور پورے جنوب ایشیائی خطے میں امن قائم کرنے کی کنجی بھارت کے پاس موجود ہے ۔
مقبوضہ کشمیر