• news

سیکرٹری خارجہ مذاکرات پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات سے مشروط نہیں : بھارتی ہائی کمشنر‘ تاریخ بھارت نے دینی ہے : سرتاج عزیز

اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے نے واضح کیا ہے کہ پاکستان بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں پیشرفت سے مشروط نہیں، دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ مذاکرات اور پٹھان کوٹ واقعے سے متعلق رابطے میں ہیں، بھارت افغانستان میں پاکستان کے خلاف کسی کارروائی میں ملوث نہیں، پاک افغان تعلقات پر بھارت کو کوئی اعتراض نہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ پیر کو ٹریڈ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ کمشنرگوتم بمبا والے نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ ملاقات جلد ہوگی، کوئی خاص تاریخ نہیں بتا سکتا۔ تاریخ کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ملاقات تحقیقات پر پیشرفت سے مشروط نہیں۔ دونوں ملکوں کے مشیر سلامتی پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات پر رابطے میں ہیں۔ پاکستان، بھارت تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، تجارت بڑھانے کےلئے ویزا عمل آسان بنانا ہو گا۔ بھارت مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کےلئے تیار ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر کے سیاچن سے متعلق بیان پر تبصرہ نہیں کرونگا۔ دوسری طرف بھارتی ہائی کمشنر کے بیان پر رد عمل میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ مذاکرات کی تاریخ بھارت نے دینی ہے، یہ ہمارا مسئلہ نہیں، پاکستان مذاکرات کےلئے ہمیشہ تیار ہوتا ہے، پاکستان، بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات میں ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پٹھان کوٹ معاملے پر پاکستان، بھارت سیکرٹری خارجہ رابطہ میں ہیں، بھارت سے ہر معاملے پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔
بھارتی ہائی کمشنر

ای پیپر-دی نیشن