وادی تیراہ‘ بمباری 8 دہشت گرد ہلاک‘ ہوانا‘ دھماکہ‘ ایک سکاﺅٹ شہید چار زخمی
خیبر ایجنسی + وانا (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ بی بی سی) وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں پاک فوج کے آپریشنز ضرب عضب اور خیبر ٹو کامیابی سے جاری ہیں‘ خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی گئے جبکہ ان کے ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے ۔ خیبر ایجنسی میں آپریشن ضرب عضب کا دوسرا مرحلہ خیبر 2 کامیابی سے جاری ہے اور پاک فوج کو اہم کامیابیاں مل رہی ہیں۔ مزید برآں قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں جنوبی وزیرستان سکاو¿ٹس کا ایک اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق مقامی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے یہ واقعہ وانا کے قریب تحصیل تنئی میں پیش آیا۔ ذرائع کا کہنا ہے گومل زام ڈیم کی جانب جانے والی سڑک پر نصب بم اس وقت پھٹا جب جنوبی وزیرستان سکاو¿ٹس کے اہلکار وہاں سے گزر رہے تھے۔ یہ گزشتہ دو ماہ کے دوران قبائلی علاقہ جات میں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں کسی سکاو¿ٹ کی شہادت کا دوسرا واقعہ ہے۔ این این آئی کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے تحصیل وانا کے علاقے تالائی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش کے لئے آپریشن شروع کردیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کوہاٹ کے قریب کارروائی کرکے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر ’ملا زیور‘ کو گرفتار کرلیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد کمانڈر ملا زیور کو کوہاٹ کے نواحی علاقے فتح جنگ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا تعلق اورکزئی ایجنسی سے ہے جو حکیم اللہ محسود کا قریبی ساتھی بھی رہا ہے۔ مزید برآں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے رہنما ضیاءالرحمن کو کوہاٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔ سکیورٹی ذائع کے مطابق ضیاءالرحمن سکیورٹی فورسز اور پولیس پر حملوں میں ملوث تھا۔