• news

گوجرانوالہ: محنت کش کے 2 سالہ بیٹے کو پھانسی دیکر قتل کردیا‘ بوری بند نعش برآمد

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) سنگدل قاتل نے محنت کش کے دو سالہ بیٹے کو گلے میں پھندا ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ کمسن بچے کی بوری بند نعش کوڑے کے ڈھیر سے برآمد ہونے پر علاقہ بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بتایا گیا ہے کہ منڈیالہ وڑائچ کے رہائشی محنت کش حنیف کا دو سالہ بیٹا سبحان علی گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اچانک غائب ہو گیا، گھر والوں نے تلاش شروع کر دی مگر بچے کا کوئی سراغ نہ مل سکا، تاہم کچھ گھنٹوں بعد کمسن بچے کی بوری بند نعش گھر کے قریب کوڑے کے ڈھیر سے برآمد ہو گئی جسے نامعلوم افراد نے گلے میں پھندا ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ معصوم مقتول کے ہاتھ پائوں بھی رسی سے باندھے ہوئے تھے۔ واقعہ کی اطلاع پا کر موقع پر پہنچنے والی کینٹ پو لیس نعش کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔ بچے کی نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔

ای پیپر-دی نیشن