• news

زیرو ٹالرنس پالیسی: بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پُرعزم ہیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد(آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ نیب اپنے تفتیشی افسروں اور پراسیکیوٹرز کی تربیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چودھری کی صدارت میں نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں 2016ء میں نیب کے تفتیشی افسروں اور پراسیکیوٹرز کی تربیت میں اضافے کیلئے تربیتی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔ قمر زمان چودھری نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہونے کی حیثیت سے بدعنوانی کے خاتمے کا ذمہ دار ہے۔ اس پرذمہ داری کو نبھانے کیلئے پُرعزم ہے۔ نیب انسانی وسائل کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اس لئے اپنے افسران کی پیشہ وارانہ بہتری کا سلسلہ یقینی بنانے کیلئے 2016ء کیلئے جامع سالانہ منصوبہ وضع کیا ہے۔ ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن نے علاقائی تجاویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی ماہرین کی آراء پر مبنی 2016ء کیلئے جامع تربیتی پروگرام وضع کیا ہے۔ کورس کے نکات میں بہتری لائی گئی ہے۔ ہماری کوشش نہ صرف ان افسروں کو تربیت کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے بلکہ کام کرنے کے طریق کار کے یکساں انداز سے بھی آگہی پیدا کرنا ہے جو تمام فریقوں کی مشاورت سے تشکیل دیا جاتا ہے۔ ہم نے افسروں کی ترقی کو ان کورسز کی تربیت سے مشروط کر دیا ہے۔ اس سے نیب کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ نیب بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے پُرعزم ہے۔ اس عزم کے حصول کیلئے نیب کے افسروں کی پیشہ ورانہ اہلیت کا تسلسل ضروری ہے۔110 نئے بھرتی ہونے والے تفتیشی افسروں کو پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں تربیت دی جا رہی ہے۔ نیب راولپنڈی میں ڈیجیٹل فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک‘ سوالیہ دستاویزات اور انگلیوں کے نشانات کے تجزیہ کی سہولت موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن