• news

پاکستان بھٹہ مزدور ایسوسی ایشن کا گرفتاریوں کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) پاکستان بھٹہ مزدور ایسوسی ایشن نے شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کئے جانے والے بھٹہ مزدوروں کی گرفتاری کے خلاف لاہور پریس کلب کے سامنے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس گرفتار بھٹہ مزدوروں کو فی الفور رہا کرے وگرنہ ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی تک مارچ کریں گے۔ مظاہرے میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک تھی جس کے باعث ڈیوس روڈ اور ملحقہ شاہرات پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ ٹریفک کے جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے میں ٹریفک وارڈنز برح طرح ناکام ہوگئے۔ بھٹہ مزدور ایسوسی ایشن کے مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ بھٹہ مزدوروں کیلئے بنائے گئے 2016ء کے قوانین کا فوری نفاذ کیا جائے۔ جبری مشقت کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع سے گرفتار کئے گئے تمام بھٹہ مزدوروں کو فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھٹوں سمیت دیگر اداروں سے بھی چائلڈ لیبر کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور 962 روپے فی ہزار اینٹوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ مظاہرین نے حکومت کو ایک گھنٹہ کا وقت دیتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ اگر بھٹہ مزدوروں کو فی الفور رہا نہ کیا گیا تو وہ لاہور پریس کلب کی بجائے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کریں گے جبکہ احتجاجی مظاہرہ کئی گھنٹے جاری رہا جس کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام رہا۔

ای پیپر-دی نیشن