• news

نیب کے پاس وزیراعظم کے 3 کیس ہیں جلد نواز شریف زرداری ایک ہونگے: شیخ رشید

اسلام آباد (این این آئی+ آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے نیب کے پاس وزیراعظم کے تین کیس موجود ہیں اور پنجاب میں نیب نے تین افراد حراست میں لئے ہیں، بہت جلد نیب کے خلاف نواز شریف اور آصف زرداری ایک ہوں گے۔ ایک انٹرویو میں وزیراعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید نے دعویٰ کیا نیب نے پنجاب میں کارروائی شروع کردی ہے اور بہت جلد رینجرز بھی پنجاب کے مضافاتی علاقوں میں جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب اور رینجرز پنجاب میں کارروائی کرنے جا رہے ہیں اور جب نیب جاگے گی تو بہت سے لوگوں کی سیاست سو جائے گی۔ انہوں نے کہا نواز حکومت نیب کی کارروائیوں میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے، نیب کے خلاف نواز شریف اور آصف علی زرداری کا اتحاد ہو چکا ہے۔ مزید برآں قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا پی آئی اے کے جہاز دبئی سے آگے نہیں جاتے۔ پی آئی اے اس کو دی جا رہی ہے جو اٹک قلعے میں باربی کیو لے کر جاتا رہا۔ کرپشن کی انتہا یہ ہے کرپٹ شخص کو کینیڈین ہائی کمشنر لگا دیا۔ انہوں نے کہا چپل اور شامی کباب بنانے والوں کو پی آئی اے میں لائیں گے تو حالات مزید خراب ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن