• news

ہمیشہ متحدہ کی دُم پر پاﺅں رکھا‘ شرجیل: جن پر ہے وہ چیخ رہے ہیں‘ خواجہ اظہار

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی کے رہنما سندھ کے سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما چائنا کٹنگ میں ملوث رہے ہیں۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ متحدہ کی دُم پر پاﺅں رکھا ان کے غیرقانونی قبضے ختم کرائے قبضے کی زمین پر شادی ہال بند کرائے۔ اس لئے انہیں مجھ سے خاص محبت ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے ارکان سرکاری تنخواہیں لیتے ہیں کئی ارکان کو ان کی نوکریوں سے برطرف کیا ہزاروں گھوسٹ ملازمین فارغ کئے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ اظہار کی آدھی پارٹی ملک سے باہر ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ان کے خلاف کوئی ریفرنس دائر ہوا نہ نیب میں کوئی انکوائری چل رہی ہے مقدمات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔ دریں اثناءبیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحق نے کہا کہ جس کی چیخیں نکل رہی ہیں، پیر بھی اسی کی دم پر ہے۔ کراچی آپریشن کی تعریفیں کرنے والے دبئی میں کیا کررہے ہیں۔ ایم کیو ایم والے کہیں نہیں گئے ملک میں ہی ہیں اور ملک ہی میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد تب سے لندن میں ہیں جب شرجیل میمن سیاسی طور پر پیدا بھی نہیں ہوئے تھے اور فیڈر پیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تو صرف مطلوب مفرور اور ای سی ایل میں نام والوں کا پوچھا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن