• news

اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل بطروس غالی انتقال کر گئے

قاہرہ (نوائے وقت رپورٹ) سابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بطروس بطروس غالی انتقال کر گئے۔ مصر کے بطروس بطروس غالی 1992ء سے 1996ء تک اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل رہے، ان کی عمر 93 سال تھی وہ 14 نومبر 1922ء کو پیدا ہوئے انہوں نے قاہرہ یونیورسٹی اور پیرس میں تعلیم حاصل کی تھی، انہوں نے سخت حالات میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالا جب صومالیہ، روانڈا، مشرق وسطیٰ اور سابق یوگو سلاویہ کے بحران درپیش تھے، وہ مصری صدر انور سادات کے دور میں 1977ء میں مصر کے وزیر خارجہ بنے۔بطروس غالی کیپٹک کرسچن خاندان سے تعلق رکھتے تھے ان کے دادا مصر کے وزیراعظم بھی رہ چکے تھے۔ بطروس غالی نے 1946ء میں قاہرہ یونیورسٹی سے گریجویشن کی اور اعلیٰ تعلیم کیلئے فرانس اور امریکہ چلے گئے، اعلیٰ تعلیم کے بعد قاہرہ کی یونیورسٹی میں انٹرنیشنل لاء پڑھاتے رہے۔ ان کے انتقال کا اعلان اقوام متحدہ کے سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن