کراچی سٹاک کرپشن تحقیقات سابق ایم ڈی عدنان آفریدی شامل تفتیش
کراچی (کرائم رپورٹر)ایف آئی اے نے سات سال قبل کراچی سٹاک مارکیٹ کریش کر جانے کی تحقیقات کے دوران سابق منیجنگ ڈائریکٹر عدنان آفریدی کو شامل تفتیش کرلیا جبکہ منگل کے روز ایف آئی اے کی ایک ٹیم نے کراچی سٹاک ایکس چینج کے موجودہ ایم ڈی ندیم نقوی سے بھی پوچھ گچھ کی ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران 2008 میں کراچی سٹاک مارکیٹ میں تین ارب روپے کا گھپلا پایا گیا ہے۔ جب عدنان آفریدی کراچی سٹاک مارکیٹ کے ایم ڈی تھے ایف آئی اے کی ٹیم جس نے سابق اور موجودہ ایم ڈی سے تفتیش کی اپنے ساتھ 30فائلیں بھی لائی تھی جن میں موجودہ دستاویزات کے مطابق 20 اپریل 2008 کو کراچی سٹاک مارکیٹ نے 100انڈیکس میں ریکارڈ قائم کیا لیکن 23مئی 2008 کو اسٹیٹ بنک کی جانب سے شرح سود میں غیرمتوقع تبدیلی کی وجہ سے بحران پیدا ہوا اور چھوٹے سرمایہ کاروں کے 36ارب 90کروڑ روپے ڈوب گئے جس پر سٹاک مارکیٹ میں احتجاج بھی ہوا۔