کراچی میں فائرنگ، نوجوان قتل، لیاری میں بم حملہ 5 افراد زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے کورنگی میں سنگر چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ نوجوان صدیق جاں بحق ہوگیا دوسری طرف لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں گلی میں کھڑے لوگوں پر دستی بم کے حملے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ حملے کا شبہ گینگسٹرز پر ظاہر کیا جار ہا ہے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ سی ٹی ڈی نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سجنا گروپ کے کمانڈر حنیف خان سمیت 4 دہشت گردوں کو گرفتار اور بھاری اسلحہ برآمد کر لیا۔ حنیف خان 18 ایف سی اہلکاروں کے قتل میں ملوث بتایا گیا ہے جبکہ گارڈن کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کے 2 بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا اسی طرح رینجرز اور پولیس نے مجاہد کالونی کھوکھرا پار میں کارروائی کرکے 5 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا جن میں اکرم عرف کے کے اور مرزا دانیال شامل ہیں ۔