بلوچستان: طالبہ کی خودکشی، محکمہ تعلیم کی کمیٹی مسترد، جوڈیشل انکوائری کرائی جائے: والدین
مسلم باغ (نوائے وقت نیوز) داخلہ روکے جانے پر طالبہ کی خودکشی پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے مسلم باغ گرلز کالج کی پرنسپل اور کلرک کو معطل کر دیا جبکہ پولیس نے روایتی ہتھکنڈے اپناتے ہوئے اب تک ایف آئی آر تک درج نہیں کی۔ بہنوں کا کہنا ہے کہ اگر انصاف نہ ملا تو وہ بھی دنیا چھوڑ دیں گی۔ مسلم باغ کی ثاقبہ تو آگے بڑھنا اور پڑھنا چاہتی تھی۔ اس نے اپنے حق کیلئے آواز اٹھائی۔ کالج پرنسپل کو یہ بات ناگوار گزری۔ ثاقبہ کا انٹر کا داخلہ روک لیا۔ ثاقبہ گڑ گڑائی، معافی مانگی، لیکن پرنسپل نے اسے انا کا مسئلہ بنا لیا۔ تعلیم کا سلسلہ کیا ٹوٹا ثاقبہ کا دل بھی ٹوٹ گیا اور اس نے زہر کھا کر موت کو گلے لگا لیا۔ غمزدہ والدین نے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تحقیقاتی کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ بلوچستان کے وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارت وال کا کہنا ہے کہ طالبات کے مطالبات جائز تھے، انتظامیہ کا رویہ مناسب نہیں تھا۔