لاہور کی تاریخی عمارات کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ماہرین کی 8رکنی کمیٹی قائم
لاہور (خصوصی رپورٹر) لاہور کی تاریخی عمارتوں کا تحفظ یقینی بنانے‘ تعمیراتی حسن برقرار رکھنے اور تزئین و آرائش کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی خاطر حکومت پنجاب نے اعلی پیشہ وارانہ قابلیت اور طویل تجربے کے حامل ممتاز اور غیرجانبدار ماہرین پر مشتمل آٹھ رکنی مشاورتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ حکومت پنجاب کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سیکرٹری محکمہ آرکیالوجی حکومت پنجاب ہمایوں مظہر شیخ نے انٹیکوئٹی (ترمیمی) ایکٹ 2012ء کے تحت اس کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی پنجاب کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر ارکان میں پروفیسر خورشید احمد ‘خالد عبد الرحمان‘ پروفیسر ڈاکٹر کنول خالد‘ ڈاکٹر انجم رحمانی، ڈاکٹر عائشہ پامیلا راجر‘ خواجہ عمران نذیر ایم پی اے اور انجینئر قمر الاسلام راجہ ایم پی اے شامل ہیں۔