ٹانک: آپریشن‘ 4 دہشت گرد ہلاک‘ پنجگور پولیس کا اہلکار‘ بارکھان میں 3 افراد قتل
پشاور+ کوئٹہ+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ٹانک کے نواحی علاقے گرہ پتھر کے قریب سکیورٹی فورسز اور پولیس نے گزشتہ روز سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد کالعدم تنظیم کا رہنما شاہد اللہ اس کا بھائی عمر علی‘ کزن زوہیب اور عصمت اللہ ہلاک ہوگئے۔ شاہد اللہ وانا روڈ پر پولیس اہلکار طارق کنڈی کو قتل کرکے فرار ہو گیا تھا۔ ان کے قبضے سے دستی بم اور بھاری اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔ دریں اثناء پشاور کے قریب سبحان آباد میں پولیس اور فورسز کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 2 افغان باشندوں سمیت 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ اورکزئی ایجنسی کے علاقے شیخان تور میں فورسز نے چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم کے کمانڈر محمد السلام کے خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ مار کر بھاری اسلحہ 8 دستی بم 9 ہیوی مشین گنیں اور دیگر آلات ہزاروں کارتوس برآمد کرلئے۔ سی ٹی ڈی ہزارہ نے تورغر کے علاقے میں کارروائی کرکے 3 دہشت گردوں کو گرفتار اور ان سے بھاری اسلحہ بم اور بارود برآمد کرلیا۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ علاوہ ازیں شکارپور کے کچے والے علاقے میں آپریشن کے دوران ایک اور ڈاکو مارا گیا۔ اس طرح دو دن میں مرنے والے ڈاکوئوں کی تعداد 5 ہوگئی۔ دوسری طرف پنجگور کے علاقے عیسانی میں گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار مسلم جاں بحق ہو گیا۔ لورالائی میں لیویز نے گزشتہ روز ایک خاتون کو قتل کرنے میں ملوث 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔ اسی طرح کوئٹہ میں پولیس نے دہشت گردی کے 3 مقدمات میں ملوث ایک مذہبی تنظیم کے صوبائی سربراہ رفیق مینگل کو گرفتار کر لیا۔ شہر اور نواحی علاقوں میں پولیس اور حساس اداروں کے سرچ آپریشن کے دوران 75 مشتبہ افراد جبکہ لاہور میں پولیس نے مختلف مقامات سے 21 مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ اسی طرح تربت میں ایف سی نے غیرقانونی سرحد پار کرنے والے 8 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ دریں اثنا بارکھان کے علاقے اوئی میں گزشتہ رات نامعلوم افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق‘ 2 زخمی ہو گئے جن کی شناخت قبائلی رہنما ھویان مری‘ ان کے بیٹے خدا بخش اور ایک ساتھی کی حیثیت سے ہوئی ہے۔