پاکستان اور سپین تعلقات کو مزید فروغ دیں: شجاعت
لاہور (پ ر) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے سپین کے سفیر کارلوس مورالز نے غیررسمی ملاقات میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت کی۔ اس موقع پر اعزازی قونصلیٹ کمبوڈیا سالک حسین، آسٹریا کے اعزازی قونصلیٹ عباد الرحمن، اعزازی قونصلیٹ برازیل ایڈووکیٹ اعجاز احمد چودھری، شافع حسین، میاں مصباح الرحمن، پی جے میر، جاوید چٹھہ، رانا خالد اور دیگر موجود تھے۔ چودھری شجاعت نے پاکستان اور سپین کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ سپین کے سفیر کارلوس موالز نے چودھری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، اسلامی دنیا میں اس کا بڑا مقام ہے لہٰذا پاکستان کو اپنا امیج مزید آگے بڑھانا ہو گا، سپین میں ایک لاکھ 20 ہزار پاکستانی امن و امان کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح ترکی نے ترقی کی اسی طرح پاکستان بھی زیادہ سے زیادہ ترقی کرے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے پی آئی اے فلائٹ بارسلونا تک جاتی تھی پتہ نہیں کیوں اسے بند کر دیا گیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ فلائٹ دوبارہ چلے تاکہ پاکستان اور سپین کے عوام کو سفر کی درپیش مشکلات ختم ہو سکیں۔ انہوں نے چودھری شجاعت کو سپین کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔