سیالکوٹ: بھارت کے پانی روکنے پر دریائے چناب خشک ہونے لگا
سیالکوٹ (نامہ نگار) بھارت کی طرف سے پانی روکے جانے کی وجہ سے دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی مسلسل کمی ہو رہی ہے اوراب صرف 7668 کیوسک پانی آرہا ہے جس کی وجہ سے ہیڈمرالہ سے نکلنے والی دو نہروں میں سے ایک نہر مرالہ راوی لنک تاحال بند ہے جبکہ نہر اپرچناب میں 5 ہزار کیوسک پانی ہے ۔پانی کی کمی کی وجہ سے دریائے چناب کا 98 فیصد سے زائد حصہ خشک ہوچکا ہے حالانکہ اس میں مقبوضہ کشمیر سے آنے والے دو دریا جموں توی میں 817 کیوسک اور مناور توی میں صرف 306 کیوسک پانی بھی شامل ہوتا ہے ۔ دریائے چناب میں سندھ طاس معاہدہ کے تحت روکے گئے پانی کی وجہ سے سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں کسانوں کو بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں ۔محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی مقدار گرمیوں میں بڑھ جائیگی تاہم سردیوں میں پانی کم ہوجاتا ہے جو بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روکا جاتا ہے ۔کسانوں اور شہریو ں نے حکومت سے بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لیکر اس مسئلہ کو عالمی سطح پر بلند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔