نیشنل ایکشن پلان پر عملدرامد تیز راہداری منصوبے کیخلاف سازش ناکام بنائیں گے
کوئٹہ ( این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ ) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیرصدارت بلوچستان ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میںکمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض جی او سی 41ڈویژن میجر جنرل افتاب ، آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن ، آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب ، وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ، چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ ہوم سیکرٹری بلوچستان اکبر درانی ،آئی ایس پی آر بلوچستان کے ڈائریکٹر بر گیڈیئر نیئر نے شرکت کی اجلاس میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی اور صوبے میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایپکس کمیٹی کا یہ ساتواں اجلاس تھا جس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی سیکرٹری داخلہ نے اجلاس کو نیب پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق کیاگیا اقتصادی راہداری صوبے کیلئے معاشی لائف لائن جیسی ہے۔ راہداری منصوبے کے خلاف عدم استحکام کی سازشیں ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے سے آزادی نہیں ملتی۔ آئندہ نسلوں کو پُرامن‘ خوشحال بلوچستان دینا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ سکیورٹی اداروں کو حکومتی سرپرستی‘ عوام کی حمایت حاصل ہے۔ ملک دشمنوں کو ایک فیصد افراد کی بھی حمایت حاصل نہیں۔