• news

نارنگ منڈی: پیکیج نہ ملنے پر کسانوں کے مظاہرے‘ سڑکیں بلاک‘ روتے رہے

نارنگ منڈی (نامہ نگار)نارنگ منڈی کی یونین کونسل ننگل بھچڑ کے 15دیہات کے سینکڑوںکاشتکاروںکسانوں اور زمینداروں نے زرعی پیکیج نہ ملنے پر شدید نعرے بازی کی پانچ مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے‘ سڑکیںبلاک کردی گئیں بعدازاں مظاہرین ڈی سی او شیخوپورہ آفس پہنچ گئے جہاں دن بھر ڈی سی او آفس کے باہر بینرز آویزاںکرکے شدید احتجاج کرتے رہے۔ رانا ناصر محمود عدیل گندھو وال چوہدری نور محمد نمبردار سمیت دیگر مظاہرین نے بتایا کہ حلقہ پٹواری نے غریب کسانوں سے رشوت لی اور اے سی مریدکے کے جونیئرکلرک نے جان بوجھ کر مستحق کسانوںکے نام کسان پیکیج کی فہرست سے نکال کر اپنے بھائیوں اور رشتہ داروں کے نام شامل کرکے انہیں نواز دیا۔ بااثر زمینداروں نے بھی فرضی رقبے ظاہرکرکے قومی خزانے کو لاکھوںروپے کا نقصان پہنچایا۔ مظاہرین نے ٹھوس ثبوت دکھاتے اور روتے ہوئے کہا کہ ہم غریب مستحق کسان تین ماہ سے ضلعی انتظامیہ کے چکر لگا لگا کر عاجز آچکے، کوئی سنتا نہیں۔گندم کی فصل بھی کاشت نہیں کر سکے کھاد اور زرعی ادویات کیلئے پیسے نہیں جبکہ غربت کے باعث بچوںکی فیسیں بھی ادا نہیں کرسکے اور انہیں سکولوں سے نکال دیا گیا ہے۔ ڈی سی او شیخوپورہ رائو ریاض اعجاز نے مظاہرین کو تسلی دی اور کہا کہ ہر کسان کو امدادی پیکیج دیا جائے گا۔ انہوں نے فاروق ورک اور سید منور بخاری پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی جو روزانہ کی بنیاد پر انکوائری اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ مظاہرین نے ڈی سی او کی تسلی کے بعد احتجاج ختم کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن