سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کوششوں سے امن قائم ہوا: وزیراعلیٰ
سکھر (اے پی پی) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ خدا کا شکر ہے کہ سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے امن قائم ہوا ہے، صوبے میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے صرف داعش کا نام استعمال کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران انجینئرنگ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس میں مسجد، آڈیٹوریم ، پٹرولیم، قدرتی گیس ، مکینیکل ، الیکٹریکل اور دیگر شعبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کونسل آف کامن انٹرسٹ کا اجلاس ہوگا جس میں وفاق سے سندھ کے حقوق اور مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہران انجینئرنگ ٹیکنالوجی کیمپس جیکب آباد، مٹھی، عمر کوٹ میں بھی قائم کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں قائم علی شاہ نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں سکائوٹس کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکائوٹس پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، انہیں اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ سکائوٹ گرائونڈخیرپور میں پانچویںشہید بینظیر بھٹو سکائوٹ ریلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں آرمی چیف ، وفاقی اور سندھ حکومت نے موثر کوششیں کی ہیں، جس سے ملک اور صوبے میں امن و امان قائم کرنے میں بڑی مدد ملی ہے۔