چولستان کے قدرتی حسن اور جنگلی حیات کا تحفظ کیا جائے: نوازشریف
اسلام آباد، بہاولپور (بیورورپورٹ+نامہ نگار+ آن لائن) وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے سیکرٹری جنگلات کو جنگلی حیات اور جنگلات کے تحفظ کی ہدایت کردی ۔وزیر اعظم نے بہاولپور میں واقع سوہانرا پارک کا دورہ کیا جہاں سیکرٹری جنگلات اور دیگر حکام نے وزیر اعظم کو سوہا نرا پارک کی مزید بہتری اور پتی سری جھیل کی بحالی پر بریفنگ دی ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے سیکرٹری جنگلات کو جنگلی حیات اور جنگلات کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چولستان کے قدرتی حسن اور جنگلی حیات کا تحفظ کیا جائے ۔ وزیراعظم نے چولستان میں خطاب کے دوران کہا جب تک چولستان کا دورہ نہ کروں ، چین نہیں ملتا ۔ لاہور کے بعد موج گڑھ چولستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، انہوں نے کہا کہ چولستان کی سرکاری اراضی اصل چولستانیوں میں الاٹ کی جائیگی۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ الاٹمنٹ بہت جلد مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ہی ہوگی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم میاں نوا ز شریف نے کالے پاڑ سے موج گڑھ تک پختہ سڑک تعمیر کرنے ، چولستانی نہروں کو مستقل طور پر پانی فراہم کرنے اور مغلیہ خاندان کی طرف سے تعمیر کردہ قلعہ موج گڑھ جو اس وقت خستہ حالی کا شکار ہے، کی مرمت کرانے کا بھی اعلان کیا ۔ وزیراعظم دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد واپس چلے گئے۔