لاہور: نمک سے بھرا ٹرک الٹ گیا،2 خواتین اور بچی دب کر جاں بحق
لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ ساندہ کے علاقہ میں نمک سے بھرا ٹرک الٹنے سے 2خواتین اور ایک ننھی بچی ہلاک ہو گئی، ہلاک ہونے والی بچی کی ماں شدید زخمی ہو گئی۔ معلوم ہوا ہے تھانہ ساندہ کے علاقہ گلشن روای چوک کے قریب نمک سے بھرا ٹرک تیز رفتاری کی وجہ سے الٹ گیا اور نمک عابدہ، عافیہ، انیلا اور 5سالہ زینب پر جا گرا۔ اہل علاقہ اپنی مدد آپ کے تحت نمک ہٹانے کی کوشش کرتے رہے۔ نمک ہٹنے پر عابدہ، عافیہ اور 5سالہ زینب شدید زخمی ہونے سے دم توڑ چکی تھیں جبکہ زینب کی والدہ انیلا شدید زخمی تھی جیسے فوری ہسپتال پہنچایا گیا، ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق ساندہ کے علاقہ بند روڈ، ملک منیر پارک اور راج گڑھ سے ہے میتیں گھر پہنچنے پر اہل خانہ غم سے نڈھال ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی، ٹرک کو قبضہ میں لے لیا گیا۔ ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے 3 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔