سپریم کورٹ نے سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات روک دئیے
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے سندھ میں میئر، ڈپٹی میئر کے انتخابات سیکرٹ بیلٹ کے ذریعے کرانے کے بارے میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی سندھ حکومت کی استدعا مسترد کر دی جبکہ اس حوالے سے 20فروری کو ہونے والے میئر اور ڈپٹی میئر اور مخصوص نشستوں پر انتخابات کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3مارچ تک ملتوی کر دی۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی تو سندھ حکومت کے وکیل فاروق ایچ نائیک جبکہ فنکشنل لیگ کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم عدالت میں پیش ہوئے۔ فروغ نسیم نے عدالت کو بتایا کہ سندھ حکومت اس حوالے سے ترامیم کا بل 18جنوری کو سندھ کی صوبائی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ اسمبلی نے بل پاس کیا کہ میئر ڈپٹی میئر کا انتخاب سیکرٹ بیلٹ کے بجائے شو آف ہینڈ کے ذریعے ہو گا، اس ترمیم کو ہم نے سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تو سندھ ہائیکورٹ نے خفیہ حق رائے دہی کے طریقہ کار کو بحال کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کا پاس کردہ بل (نیا لوکل باڈی ایکٹ) معطل کر دیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سندھ حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ لوکل باڈی ایکٹ میں ترمیم کرکے معاملہ کو لٹکایا جا رہا ہے، خفیہ بیلٹ کا قانون ختم کرکے سیکشن ہی ختم کر دی گئی اور شو آف ہینڈ کا طریقہ قانون پاس کیا گیا۔ سندھ حکومت کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا عدالت سندھ ہائکیورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے جبکہ 20فروری کو ہونے والے کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر اور مخصوص نشستوں پر انتخابات کے خلاف حکم امتناعی جاری کرے۔ جسٹس گلزار احمد نے ان کی ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پہلے کوئی فیصلہ تو آنے دیں؟ الیکشن کمشن کو اپنا کام کرنے دیا جائے جبکہ 20فروری کو ہونیوالے میئر ڈپٹی میئر کے انتخابات پر حکم امتناعی جاری کر دیا ہے، عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کو کیس کا فیصلہ ایک ہفتے میں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بعدازاں کیس کی سماعت 3مارچ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ عدالت نے کہاکہ 3 مارچ کو عدالتی فیصلے کا انتظار کیا جائے۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا شو آف ہینڈ کے حوالے سے سندھ ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے دیں اس کا جائزہ لیںگے جبکہ جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاالیکشن کمشن کا کام انتخابات کرانا ہے اسے شفاف انداز میں کام کرنے دیا جائے۔ پیپلزپارٹی کے وکیل بابر اعوان نے کہاکہ اگر خیبر پی کے میں انتخابات شو آف ہینڈ سے ہو سکتے ہیں تو ایسا سندھ حکومت کیوں نہیں کر سکتی۔ عدالت سے استدعا ہے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب روکا جائے اور سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیاجائے جس پر عدالت نے کہا کہ فی الحال سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل نہیں کرسکتے ہاں اتنا کرسکتے ہیںکہ انتخابات وقتی طور پر روک دیتے ہیں۔