• news

حکمران اداروں کو دھمکیاں دیں تو شفاف احتساب کیسے ہو سکتا ہے: سیاسی رہنما

لاہور، اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) نیب کے حوالے سے وزیراعظم کے بیان پر سیاسی رہنمائوں نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم کی طرف سے نیب کیخلاف کارروائی کی دھمکی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سربراہ حکومت اداروں کو ڈرانے دھمکانے پر اتر آئیں تو شفاف اور غیر جانبداراحتساب کی امید کیسے کی جاسکتی ہے۔ اقتدار میں موجود پارٹیاں اپنے اپنے کارندوں کو بچانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہیں۔ نیب کو آزادی سے کام کرنے کا موقع نہ دینااور آئینی اداروںپر قدغن لگانا آئین و قانون کی بالا دستی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے مترادف ہے۔ ہماری جدوجہد کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ اداروں کی بہتری اور بحالی کیلئے ہے۔ میں سب کو دعوت دیتا ہوں کہ آئین ملک کو بچانے کیلئے کرپشن اور بدیانتی کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کریں تاکہ اس ناسور کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوسکے۔ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف بادشاہوں کی طرح حکمرانی کے عادی ہیں وزیراعظم نیب کو دھمکانے کی بجائے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کریں چیئرمین نیب قانون کی سربلندی یقینی بنائیں۔ رانا ثناء اللہ وزیراعظم کی دھمکیوں کی صفائیاں نہ پیش کریں۔ چودھری سرور نے کہا ہے کہ ا پوزیشن جماعتوں کا ملک میں کرپشن، بدعنوانی اور حکومت کی ناقص پالیسیوں کے خلاف متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ خرم نواز گنڈا پور سے ملاقات میں دونوں جماعتوں کے تعلقات، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور وزیرعظم میاں نوازشر یف کی جانب نیب کو دی جانے والی دھمکیوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بدعنوانی اور کرپشن کا خاتمہ تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں ایک ہے، کرپشن سے ملک کو روزانہ بارہ ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ بدعنوانی اور کرپشن نے معاشرے میں جڑیں گاڑ رکھی ہیں۔ نیب 2008ء میں سرکاری سطح پر 200 ارب روپے کرپشن کی نذر ہونے کا اعتراف کرچکا ہے۔ دریں اثناء قومی وطن پارٹی کے صدر آفتاب احمد خان شیرپائو نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب سمیت تمام اداروں کو بغیر دبائو کے اپنا کام کرنا چاہئے نیب قومی ادارہ ہے اگر باقی صوبوں میں کام کررہا ہے تو پنجاب میں بھی کام کرنا چاہئے نیب کو بلا تفریق ہر صوبہ میں کام کرنا چاہئے۔ عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ان تمام لوگوں کے نام ای سی ایل پر ڈال دیں جن کے کیسز آخری مراحل میں ہیں، حکومت اور فوج ایک ’’صفحہ‘‘ پر نہیں، صرف نواز شریف اور آصف زرداری ایک صفحے پر ہیں اگر نیب جاگ اٹھا تو سب کرپٹ سیاستدان سو جائیں گے، قوم کو سمجھ آ گئی ہے کہ شیر کی دم پر گینڈے کا پائوں آ گیا ہے، بہت پہلے بتا دیا تھاکہ فروری میں پنڈورا باکس کھلے گا، شیر کی دم پر پائوں آیا ہے تو رانا ثناء اللہ کو مرچیں لگ گئی ہیں سابق آرمی چیف کے بھائی پر ہاتھ ڈالا جا سکتا ہے تو آصف زرداری اور نواز شریف کیا چیز ہیں، ماڈل ٹائون کے شہداء کی بددعائیں رانا ثناء اللہ کو لپیٹ لیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن