پنجاب کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف سرجیکل آپریشن کا فیصلہ کرلیا گیا: ذرائع‘ رانا ثناء اللہ کا اظہار لاعلمی
لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سرجیکل آپریشن کرنے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کے درمیان حالیہ ملاقات میں اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر سرجیکل آپریشن راجن پور، تونسہ اور ملحقہ علاقوں میں کیا جائے گا۔ دوسری طرف وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انتخابات اور محرم کے موقع پر آئین و قانون کے مطابق نہ صرف رینجرز بلکہ فوج کو بھی بلایا جاتا ہے اگر کچے کے علاقے میں آپریشن کا فیصلہ ہوا تو پنجاب کی کاونٹر ٹیررزم فورس، ایلیٹ فورس، سپیشل برانچ آپریشن کرنے کی اہلیت اور استعداد رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس بات سے لاعلمی ظاہر کی کہ سرجیکل آپریشن کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر سرجیکل آپریشن ہوا اور فوج یا رینجرز کی ضرورت محسوس ہوئی تو آئین و قانون کے مطابق یہ مدد لی جا سکتی ہے اور اس کے لئے کسی فیصلے کی ضرورت نہیں۔