• news

زرداری نے بلاول کو تمام صوبائی تنظیمیں تبدیل کرنے کا اختیار دیدیا

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری نے بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی کی تمام صوبائی تنظیمیں بدلنے کا اختیار دیدیا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ واشنگٹن میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے بلاول بھٹو زداری کو اپنی ٹیم بناکر پارٹی امور چلانے کا اختیار دے دیا۔ پی پی کی چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی تنظیمیں تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو بااختیار ہو گئے اب اپنی ٹیم بناکر پارٹی امور چلائیں گے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری امریکہ سے دبئی پہنچ گئے۔ وہ چند روز میں پاکستان واپس آئیں گے اور امکان ہے کہ وہ دبئی سے براہ راست اسلام آباد جائیں گے جہاں پر پارٹی کی سینئر قیادت سے مشاورت کا آغاز کریں گے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اس کے بعد پورے ملک کا دورہ کریں گے۔ چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے تنظیمی عہدیداروں کے علاوہ پارٹی کارکنوں سے بھی ملیں گے۔ ملاقات میں اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ تنظیمی تبدیلی کے حوالے سے تمام اہم فیصلے باقاعدہ مشاورت سے کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن