پاکستان: سپر لیگ، قلندرز کو ایک اور شکست، سفر ختم، یونائیٹڈ ، کنگز کو الیفائنگ فائنل میں پہنچ گئے
لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دیدی‘دوسرے میچ میںاسلام آباد یونائٹیڈنے لاہور قلندرز کو ہراکر ایونٹ سے باہر کردیا۔اسلام یونائٹیڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں کوالیفائنگ فائنل میں پہنچ گئیں ۔ اسلام آباد نے دوسرے کوالیفائنگ فائنل میں جگہ بنالی۔ کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کراچی کی جانب سے شاہ زیب حسن اور لینڈل سمنز نے اننگز کا آغاز کیا اور 41 رنز کی شراکت قائم کی، شاہ زیب حسن آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو 18 رنز بنا سکے، دوسری وکٹ 53رنز پر گری جب رکی ویسلز 3 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔لینڈل سمنز نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم وہ 83 کے سکور پر آؤٹ ہونے والے کراچی کنگز کے تیسرے کھلاڑی تھے انھوں نے 49 رنز بنائے۔کپتان شعیب ملک 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا سکور 97 رنز تھا، شکیب الحسن، روی بوپارا کے ساتھ 30 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ روی بوپارا 134 کے سکور پر 23 رنز بنا کر عمران خان جونیئرکو ایک آسان کیچ دے کر پویلین لوٹے۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سہیل خان تھے جنھوں نے عمران خان جونیئرکو ایک چھکا بھی رسید کیا تھا انھیں 147 کے سکور پر ڈیرن سیمی نے رن آؤٹ کیا۔بلاول بھٹی 15 اور اسامہ میر 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹیں گنوائیں اور 152 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔پشاو ر زلمی نے ہدف 18.3اوورز میں 5وکٹوں پرپورا کرلیا۔ بریڈ ہوج نے 45گیندوں پر ناقابل شکست 85رنز بنائے ۔ان کی اننگز میں چھ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔بلاول بھٹی نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔بریڈ ہوج کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، لاہور قلندرز کی ٹیم نے 5 وکٹوں پر 150 رنز بنائے۔لاہور کی ٹیم کو ابتداء میں ہی نقصان اٹھانا پڑا‘ اظہر علی1، ڈیل پورٹ1 اور محمد رضوان 0 پر پویلین لوٹ گئے، 6 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد صہیب مقصود اور عمر اکمل نے 80 گیندوں پر 97 رنز کی شراکت قائم کی۔صہیب مقصود 44 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل نے ناقابل شکست 72 رنز بنائے، 49 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ا 5 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔براوو کے ساتھ مل کر عمر نے 41 رنز کی بہترین شراکت قائم کی ‘براوو 13رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے۔ محمد عرفان نے 3 اور رمان رئیس نے ایک شکار کیا۔اسلام یونائٹیڈ نے ہدف5وکٹوں پرپوراکرلیا۔سمتھ گیارہ ‘شرجیل خان پانچ‘خالد لطیف پچیس‘ہیڈن چون رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔مصباح الحق انیس گیندوں پر اڑتیس اور اظہر محمودبارہ رنز پر نا ٹ آئوٹ رہے ۔ پہلا کوالیفائنگ فائنل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کل جبکہ دوسرا کوالیفائنگ فائنل اسلام یونائٹیڈ اور کراچی کنگز کے درمیان پرسوں کھیلا جائے گا۔