ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ حکومتی کرے گی: شہریار، پاکستان کے بغیر کوئی مزہ نہیں ہو گا: گوتم بمباوالے
لاہور (نمائندہ سپورٹس/ سپورٹس رپورٹر/ آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے ابھی حکومت کی جانب سے اجازت نہیں ملی ہے اور نہ ہی وزیراعظم میاں نواز شریف پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کیلئے دبئی جا رہے ہیں‘ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت جانے کے حوالے سے پوچھا تھا لیکن ابھی تک اجازت نہیں دی وزیراعظم سیکرٹریٹ سے بھی رابطہ کیا ہے تاہم ابھی تک جواب نہیں ملا آئی سی سی کے قوانین کے مطابق اگر کوئی ٹیم ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرتی ہے تو اسے بھاری جرمانہ ہوتا ہے اور اگر بھارت کھیلنے نہ گئے تو آئی سی سی کی جانب سے جرمانہ ہو سکتا ہے وزیراعظم نواز شریف نجی مصروفیت کے باعث پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ دیکھنے دبئی نہیں جائیں گے۔ پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اگلے ماہ بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کرے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں گوتم بمبا والے کا کہنا تھا کہ ان کی گزشتہ رو ز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان سے بھی ملاقات ہوئی ہے جہاں کرکٹ کے معاملات تو زیر بحث نہیں آئے تاہم انہوں نے چیئر مین پی سی بی کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام پہنچایا ہے جس میں انہو ں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کے لیے بھارت ضرور آئے گی۔گوتم بمباوالے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستا ن کے بغیر ورلڈ ٹی ٹونٹی کا کوئی مزہ نہیں ہوگا ، گرین شرٹس کو بھارت آمد پر سربراہ مملکت کی سکیورٹی سے بڑھ کر سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔