سندھ میں دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا: نثار
اسلام آباد+ لاہور (آن لائن+خصوصی نامہ نگار) وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ سندھ میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا سندھ حکومت کو صوبے میں امن و امان اور سلامتی کے لئے ہر ممکن تعاون کی فراہمی جاری رہے گی ۔ جمعرات کو نثار سے مسلم لیگ ن سندھ کے صدر اسماعیل راہو نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں کی ملاقات میں سندھ کی مجموعی صورت حال سمیت رینجرز آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر دیں گے۔ وفاقی حکومت سندھ میں امن و امان اور سلامتی کے لئے صوبائی حکومت کو ہر ممکن مدد اور تعاون کی فراہمی جاری رکھے گی۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ نے آئی نائن میں دہشت گرد کا مقابلہ کرنے والے زخمی ایف سی اہلکار کو 3 لاکھ روپے کا انعام چیک دیا انہوں نے کہا بہادر سپاہیوں پر فخر ہے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے چوہدری نثار نے فون پر رابطہ کیا۔ ملکی حالات، قومی ایکشن پلان اور مساجد و مدارس کے مسائل پر بات ہوئی۔ لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر جامعہ پنجاب میں طلبہ کے درمیان تلخ صورت حال پر بی این پی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جہاں زیب جمال دینی، اے این پی عوامی کے سینیٹر اسد اللہ زہر ی نیشنل پارٹی کے حاصل بزنجو، عیسیٰ نوری ایم این اے نے رابطہ کیا۔
چودھری نثار