• news

اقتصادی راہداری سے پسماندہ علاقوں میں ترقی کی راہیں کھلیں گی: سرتاج عزیز

اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ معاشی اور سماجی شعبے میں چین کی ترقی مثالی ہے، اقتصادی راہداری کو چین کی ایک خطہ، ایک شاہراہ پالیسی میں علمبردار حیثیت حاصل ہے، منصوبے سے پسماندہ علاقوں میں ترقی کی راہیں کھیلیں گے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے پاکستان اور پورے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوںگے۔ غربت، عدم مساوات اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ راہداری منصوبے سے پاکستان کے وسطی اور مغربی ایشیائی ممالک سے تجارتی اورتوانائی روابط قائم ہوں گے۔ علاقائی اور عالمی سطح پر بڑی تبدیلیوں کے باوجود پاکستان اور چین کی دوستی سدا بہار ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ چینی صدر ژی جن پنگ بصیرت کے حامل رہنما ہیں جو کہ پر امن اور خوشحالی معاشرے کے قیام پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ سے تمام پاکستانی قوم بے پناہ فوائد حاصل کرے گی جبکہ پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر تیزی کے ساتھ عمل ہونا چاہیے۔ پاکستان اور چین کو مشترکہ خوابوں کی تکمیل کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنی ہے،چینی صدر پاک چین تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، پاکستان میں کئے جانے والے سروے میں 84.3فیصد لوگوں نے چینی صدر ژی جن پنگ کو سال 2015کا عالمی سطح پر بہترین ترجمان قرار دیا۔ صدر ژی جن پنگ کی پاکستان میں مقبولیت کے حوالے سے منعقد کئے جانے والے سروے کے حوالے سے مرتب کی جانے والی 100صفحات پر مشتمل رپورٹ متعارف کرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین باہمی تعلقات دونوں اطراف کی عوام کی مشترکہ خواہشات کے مطابق ہیں جو کہ امن اور ترقی کی یقین دہانی کرواتے ہیں

ای پیپر-دی نیشن