• news

عوام کو علاج کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے : سپریم کورٹ

اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں نمونیا اور ہیپاٹائٹس کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کے دوران ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے جمعرات کے روز رپورٹ جمع کرواتے ہوئے بتایا ہے کہ اتھارٹی نے انتہائی کم قیمت پر عوام الناس کے لئے ادویات کی تیاری بارے 11 کمپنیوں کو اجازت دے دی ہے۔ مقامی کمپنیاں دوا تیار کر سکیں گی۔ ہیپاٹائٹس بی کے لئے 28 گولیاں صرف 5868 روپے میں تیار کر کے پیش کی جائیں گی جبکہ دو رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس اقبال حمید الرحمان نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی رپورٹ کی کاپی فریقین کو دیں اور فریقین اس پر آئندہ سماعت پر جواب داخل کرائیں۔ آئین و قانون کے مطابق علاج معالجے کی سہولیات عوام کو فراہم کرنا حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ ہیپاٹائٹس کو روکنے کے اقدامات نہ کئے گئے تو اس سے مزید لوگ متاثر ہو سکتے ہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ڈرگ ریگولیٹری نے رپورٹ مرتب کی تھی جو جمع کروا دی گئی ہے اس پر عدالت نے کہا کہ اس رپورٹ کو مناسب طریقے سے فائل کریں اور اس کی کاپی بھی فریقین کو دیں۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن