• news

8300 انتہائی مشکوک افراد کے شناختی کارڈ‘ پاسپورٹ‘ اسلحہ لائسنس منسوخ‘ بینک اکاﺅنٹس منجمد کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں فورتھ شیڈول میں شامل مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی اور ریاستی سہولیات ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ نیکٹا نے صوبائی حکومتوں کو 8ہزار 300 مشتبہ افراد کی فہرستوں کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کر دی ہے۔ نجی ٹی وی ے مطابق نیکٹا 1.6 ارب روپے کا بجٹ ملنے کے بعد متحرک ہوگیا ہے، ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کے لئے صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دینا شروع کردی ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر احسان غنی کی طرف سے جاری ہدایات پر چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں نے فورتھ شیڈول کی فہرستوں میں شامل 8 ہزار 300 مشتبہ افراد کی فہرستوں کا ازسر نو جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ یہ جائزہ ڈسڑکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں میں لیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کہ نیکٹا کی ہدایت پر غیر متحرک مشتبہ افراد کو فورتھ شیڈول سے نکال دیا جائے گا، جس کے بعد ایسی جامع فہرست تیار ہوگی جس میں مشتبہ انتہا پسند اور دہشت گردوں کے نام شامل ہوں گے، پھر ریاستی کارروائی کے طور پر ان کے شناختی کارڈز، پاسپورٹ، اسلحہ و ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیے جائیں گے، مشتبہ دہشت گردوں کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کئے جائیں گے اور ان پر سفری پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق یہ دشوار کام ہے کہ ہرمشتبہ شخص کی ایک جائزہ رپورٹ تیار کی جائے جس میں حالیہ برسوں میں اس کے چال چلن اور سرگرمیوں کا ذکر ہو، اس لیے اس پر عملدرآمد کے لئے چند ماہ لگیں گے، تاہم اس پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق 8300 مشتبہ افراد کے شناختی کارڈز، پاسپورٹ اور اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیکٹا کی ہدایت پر ملک بھر میں 8ہزار 300 مشتبہ افراد میں سے انتہائی مشکوک افراد کے خلاف کارروائی کی جائےگی، ان کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، اسلحہ لائسنس منسوخ کر کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کئے جائیں گے۔ نیکٹا کی طرف سے مشتبہ دہشتگردوں کی حاصل ریاستی سہولیات ختم کرنے کے لئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کو ہدایات جاری کردی ہیں جس پر صوبوں نے انٹیلی جنس ایجنسیز کو ذمے داریاں دے دی ہیں۔ ضلع کی سطح پر فورتھ شیڈول میں شامل مشتبہ افراد کی فہرستوں کا جائزہ لیا جارہا ہے غیر متعلقہ افراد کو فورتھ شیڈول کی فہرستوں سے نکال دیا جائے گا۔
ریاستی سہولیات/ نیکٹا

ای پیپر-دی نیشن