• news

پاکستان سپر لیگ زلمی گلیڈی ایٹرز پہلے کوالیفائنگ فائنل میں آج مد مقابل

لاہور( نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کا آغاز آج سے ہو گا، پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہونگے۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے کھیلا جائے گا۔پشاور کی قیادت شاہد آفریدی اور کوئٹہ کی قیادت سرفراز احمد کریں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ میں یہ تیسرا ٹاکرا ہو گا ، دبئی میں گلیڈی ایٹرز نے زلمی کو تین وکٹ سے ہرایا تھا، جبکہ شارجہ میں زلمی نے پلٹ کر وار کرتے ہوئے آٹھ وکٹ سے کامیابی سمیٹی۔آج کی فاتح ٹیم پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں جگہ بنائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو ایونٹ میں پیش قدمی کا ایک اور موقع ملے گا۔ذرائع کے مطابق یہ لیگ اس وجہ سے بھی کافی کامیابی حاصل کر چکی ہے کہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کے اسّی فیصد معاوضے لیگ کی شروعات میں ہی ادا کر دیئے ہیں۔پاکستان کی پہلی سپر لیگ کا پہلا مرحلہ جس میں بیس میچز کھیلے گئے وہ مکمل ہوگیا ہے۔بلے بازوں میں پہلے نمبر پرلاہور کے عمر اکمل نے سات میچز میں تین سو پینتیس رنز بنائے ہیں۔کراچی کے روی بوپارہ نے آٹھ میچوں میں دوسو بانوے رنز بنائے ہیں۔چھ میچوں میں دوسو سڑسٹھ رنز کے ساتھ پشاور کے تمیم اقبال تیسرے نمبر پر ہیں۔چوتھے نمبر پر لاہور کے کیمرون ڈیلپورٹ نے آٹھ میچز میں دوسو ستائیس رنز بنا رکھے ہیں۔پانچویں پوزیشن پر آٹھ میچوں میں دوسو بیس رنز بنانے والے کوئٹہ کے احمد شہزاد موجود ہیں۔ ٹاپ فائیو بائولرزپہلی پوزیشن پر وہاب ریاض ہیں جنہوں نے سات میچوں میں بارہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔دوسری پوزیشن روی بوپارہ کے پاس ہے جن کی آٹھ میچوں میں وکٹوں کی تعداد گیارہ ہے۔محمد اصغر نے سات میچوں میں دس وکٹیں لے کر تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا ہوا ہے۔چوتھی پوزیشن پر محمد نواز نے آٹھ میچوں میں دس وکٹیں حاصل کی ہیں۔پانچویں پوزیشن پر شاہد آفریدی آٹھ میچوں میں نو وکٹیں حاصل کرسکے۔لیکن انہوں نے بھی ایک میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں اور باقی سات میچوں میں ان کی چار وکٹیں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن