وزیر داخلہ بلوچستان کی اسمبلی کو ایپکس کمیٹی فیصلوں پر ’’ان کیمرہ‘‘ بریفنگ کی پیشکش
کوئٹہ (ایجنسیاں) وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی اسمبلی میں امن وامان کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر ان کیمرہ بریفنگ کی ایک بار پھر پیشکش کردی۔ میر سرفراز احمد بگٹی نے کہاکہ پہلے بھی ان کیمرہ بریفنگ کی پیشکش کرچکا ہوں، کچھ باتیں ایسی ہوتی ہیں جو ملک و قوم کے مفاد میں سب کے سامنے نہیں رکھی جاسکتی ہیں۔ ادھر باغ واقعہ سے متعلق تحریک التواء قواعد کے خلاف ہونے پر نمٹا دی گئی جبکہ سندھ حکومت پر پانی کی مد میں واجب الاداکی ادائیگی، حب کو اور اوچ پاور پلانٹ کی رائلٹی بلوچستان کو حکومت اور تیل وگیس کی کمپنیاں کے ذمے واجب الادا رقم کی ادائیگی سے متعلق 3 الگ الگ قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی۔ اپوزیشن ارکان انجینئر زمرک خان اچکزئی اور سردار عبدالرحمان کھیتران کے مشترکہ تحریک التواء پیش کیا۔ سپیکر راحیلہ حمید درانی نے کہا یہ افسوسناک واقعہ ہے جس پر تمام بلوچستانیوں کو دکھ ہوا ہے مگر یہ اسمبلی قوائد کے مطابق زیر غور نہیں آسکتی گزشتہ اجلاس میں پیش ہوتی تو آج اس پر بحث ہو جاتی مگر اس تحریک التواء پر اب بحث نہیں ہو سکتی۔