قائمہ کمیٹی سینٹ کا یوٹیلٹی سٹورز کی سیل کم ہونے پر اظہار تشویش، آڈٹ تفصیلات طلب
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینٹ قائمہ کمیٹی صنعت و پیدوار کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ نے یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن میں مستقل ڈی جی نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ عوام کو سستی ضروری اشیاء فراہم کرنے والے ادارے یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے خسارے کے حوالے سے عوام میں شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں ۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کو پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے کمیٹی ہر قسم کی مدد اور تعاون کیلئے تیار ہے ۔یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے خسارے کو ختم کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں عوامی سہولیات فراہمی کے ادارے کوکسی بھی صورت نجکاری نہیں کی جانی چاہیے۔ اجلاس قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ کی صدارت میں ہوا۔ چیئرمین کمیٹی نے 2013-14 میں 80 ملین کی فروخت کم ہو کر اب 25 ملین ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ ادارے کی کارکردگی سوالیہ نشان اور خسارہ بڑھنا تشویشناک ہے۔