سٹاک مارکیٹ مندے کا شکار کے ایس ای 100 انڈیکس 187.26 پوائنٹس گرگیا
کراچی (مارکیٹ رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مندی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 187.26 پوائنٹس کی کمی سے 31282.44 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی خرید و فروخت میں مندی کا رجحان رہا اور کاروباری ہفتہ کے چوتھے روز جمعرات کو کے ایس ای 100 انڈیکس 31400 اور 31300 پوائنٹس کی دو نچلی نفسیاتی حدیں پار کرتے ہوئے 187.26 پوائنٹس کی کمی سے 31282.44 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 109.71 پوائنٹس کی مندی سے 18258.74 پوائنٹس پر بند ہوا۔ آل شیئر اسلامک انڈیکس 138.32 پوائنٹس کی کمی سے 14689.20 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 339 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 71 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 245 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 23 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر 13 کروڑ 24 ہزار 500 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 6 ارب 61 کروڑ 32 لاکھ 44 ہزار 113 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 66 کھرب 33 ارب 83 کروڑ 2 لاکھ 64 ہزار 512 روپے سے کم ہو کر 65 کھرب 93 ارب 45 کروڑ 20 لاکھ 78 ہزار 512 روپے رہ گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 110 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 26 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی اور 1 کمپنی کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا جبکہ 2 کروڑ 15 لاکھ 91 ہزار 500 حصص کا کاروبار ہوا۔