• news

وزیراعظم بچوں سے گھل مل گئے‘ ”ا،ب“ اے بی سی پوچھی‘لوڈشیڈنگ میں کمی سے متعلق ”ہاں“ کے جواب پر مسکرا دیئے، بچے من کے سچے ہیں: نواز شریف

اسلام آباد (محمد نوازرضا+ وقائع نگارخصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاقی وزیر خزانہ و اقتصادی امور محمد اسحاق ڈار اور اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ساتھ ایف8- 3-میں اذان خان شہید ماڈل سکول فار بوائز میں مونٹیسری کی کلاسز کا افتتاح کیا جب وزیراعظم سکول پہنچے تو وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور میئر شیخ انصر عزیز اور سکول کے پرنسپل اقبال نے ان کا استقبال کیا۔ سکول کے مین گیٹ پر نواز شریف، مریم نواز اور طارق فضل کی اٹھائی تصاویر بچوں نے وزیراعظم کو خوش آمدید کہا اس موقع پر بچوں نے ڈرم بجاکر خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم بچوں میں گھل مل گئے۔ بچوں نے بھی اپنائیت کا اظہار کیا جب وزیر اعظم نے بچوں سے اپنے بارے میں پوچھا تو سب نے بلند آواز میں کہا کہ کہ ’’وہ وزیراعظم محمد نواز شریف‘‘ ہیں بچے اپنے درمیان وزیر اعظم محمد نواز شریف کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے 22سکولوں کی حالت بہتر بنائے جانے پر سب نے مریم نواز اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی تعریف کی۔ چوہدری تنویر کے صاحبزادے بیرسٹر دانیال چودھری تقریب میں خاصے سرگرم عمل نظر آئے۔ تقریب میں بچوں نے ملی نغمہ پیش کیا جبکہ اس موقع پر وفاقی دارالحکومت کے سکولوں کی سابقہ اور موجودہ حالت کے بارے میں ’’سکول پہلے اور اب‘‘ کے موضوع پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر سکول کے آڈیٹوریم کا نام نواز شریف آڈیٹوریم رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف نے تختی کی نقاب کشائی کی۔ مریم نواز نے کہا کہ اس کا افتتاح وزیر اعظم کو ہی کرنا چاہیے کیونکہ انہوں نے ان سکولوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے دل کھول کر فنڈز فراہم کئے‘‘ مریم نواز سب سے زیادہ خوش نظرآ?رہی تھیں۔ وزیراعظم نے سکول کی لائبریری کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعظم نے بچوں سے ہاتھ ملایا اور ان سے پیار کیا۔ وزیراعظم نے طالب علموں کو تاکید کی کہ وہ دل لگا کر پڑھیں کئی طلبا سے انہوں نے یہ پوچھا وزیراعظم نے بچوں سے ان کے والد کے روزگار کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔ وزیراعظم نے طالب علموں سے معلومات عامہ کے سوالات پوچھے صحیح جواب دینے والے طالب علموں کو شاباش دی اور تالیاں بجا کر ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے طالب علموں سے پوچھا کہ دنیا میں کتنے بر اعظم اور سمندر کتنے ہیںوزیراعظم نواز شریف نے سکول کے مختلف حصوں، لائبریری اور کلاس رومز کا دورہ کر کے بچوں سے بات چیت کی اور ان سے جنرل نالج کے سوالات پوچھے۔وزیراعظم نے بچوں سے ’’ا، ب‘‘ اور ’’اے، بی ،سی، ڈی‘‘ سنی۔ وزیراعظم نے بچوں سے جغرافیہ سے متعلق سوالات کئے سکول کی حالت کے بارے میں بھی پوچھا جس پر بچوں کا کہنا تھا کہ پہلے سکول ’’بہتر‘‘ تھا لیکن اب ’’بہت اچھا‘‘ ہو گیا ہے بعض طلبہ نے کہا کہ پہلے سکول گندہ تھا۔وزیراعظم نے بچوں سے دل لگا کر محنت کرنے کی تلقین بھی کی۔ بچوں سے لوڈشیڈنگ میں کمی سے متعلق سوال پوچھا تو جواب ہاں میں سن کر وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے اظہار مسرت کیا اور کہا کہ بچے من کے سچے ہوتے ہیں وہ جو بھی کہتے ہیں ہمیشہ سچ کہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ طارق فضل چودھری بھی اسی سکول میں پڑھے ہیں وہ آج وزیر بن گئے ہیں، اگر آپ بھی دل لگا کر پڑھیں گے تو آگے جا کر کوئی صدر بن جائے گا اور کوئی وزیراعظم بن کر ملک کا نام روشن کرے گا۔
جھلکیاں

ای پیپر-دی نیشن