لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش‘ آسمانی بجلی گرنے‘ حادثہ میں 3 افراد جاں بحق
لاہور+ ننکانہ+ فیصل آباد + چشتیاں+ ساہوکا (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) لاہور اسلام آباد سمیت پنجاب کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی۔ آسمانی بجلی گرنے اور حادثہ میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔سردی پھر لوٹ آئی ۔ سیالکوٹ، صفدر آباد، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گرد و نواح میں بارش کے بعد موسم ایک بار پھر ٹھنڈا ہوگیا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بہاولپور، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا ، گوجرانوالہ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔ ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا، زمینداروں کا کہنا ہے کہ اس بارش سے ان کی فصلوں پر بہت اچھا اثر پڑے گا، بصیرپور اور گردونواح میں موسلادھاربارش جل تھل ہوگیا۔ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سامنے بارش کے سبب پھسل کر گرنے والا موٹرسائیکل سوار نوجوان غلام محی الدین نامعلوم گاڑی تلے آ کر جاں بحق ہو گیا۔ چشتیاں میں محنت کش محمد یار کے احاطہ مویشیاں میں آسمانی بجلی گرنے سے اس کا جواں سال بیٹا ندیم بری طرح جھلس گیا۔ ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا جبکہ 2 بھینسیں بھی ہلاک ہو گئیں۔ ساہوکا میں سیف اللہ کھیتوں سے چارہ کاٹ رہا تھا کہ آسمانی بجلی گر گئی جس کی زد میں آکر وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا مرنے والا تین بچوں کا باپ تھا۔ اٹک میں آسمانی بجلی گرنے سے محلہ مہر پورہ شرقی میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ میانوالی کے نواحی علاقہ پائی خیل میں بعد نماز ِ جمعہ آسمانی بجلی جامع مسجد کبی خیل سٹی پائی خیل کے مینار پر آ گری جس سے مینار کو کافی نقصان پہنچا۔