• news

نیب پر بیان‘ ہائیکورٹ نے وزیراعظم کیخلاف کارروائی کیلئے درخواست واپس کر دی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے نیب کے معاملات میں مبینہ مداخلت پر وزیراعظم کے خلاف کارروائی کیلئے دائر درخواست واپس کر دی۔ عدالت نے درخواست گزار کو ترمیمی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جسٹس شاہد وحید نے سماعت کی۔ درخواست گزار تحریک انصاف کے رہنما گوہر نواز سندھو ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ رجسٹرار آفس نے وزیراعظم کا نام لکھنے کا اعتراض عائد کیا ہے۔ نیب آزاد اور خودمختار ادارہ ہے۔ قوانین کے تحت نیب کو کسی بھی شخص، انتظامی اور سیاسی عہدیدار کے خلاف کارروائی کرنے اور تحقیقات کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ وزیراعظم نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے نیب کو تنبیہ کی جوکہ نیب کے معاملات میں براہ راست مداخلت کے مترادف ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ وزیراعظم کو نیب کے معاملات میں مداخلت سے روکنے کا حکم دیا جائے جس پر عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست گزار کو ترمیمی درخواست دائرکرنے کی ہدایت کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن