لورالائی: کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 3 افغان مزدور جاں بحق
لورالائی (نیٹ نیوز) لورالائی کے علاقے دکی میں گزشتہ روز کوئلے کی ایک کان میں زہریلی گیس بھر جانے سے تین افغان کان کن ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ کوئلے کی کان میں گزشتہ رات مزدور حسب معمول کام کر رہے تھے کہ وہاں اچانک زہریلی گیس بھر گئی، بے ہوش ہونیوالے 3 افغان مزدوروں کو جب کان سے باہر نکالا گیا تو وہ کچھ دیر بعد دم توڑ گئے۔ امدادی کارکنوں نے انکی نعشیں ہسپتال منتقل کر دیں۔ افغان مزدوروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ واضح رہے کوئلے کی کان کنی بلوچستان کی بڑی صنعتوں میں سے ایک ہے اور صوبے کے مختلف علاقوں میں 450 سے زائد کوئلے کی کانیں ہیں جہاں ایسے حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ گذشتہ سال دسمبر میں دکّی میں کوئلے کی ایک کان میں زہریلی گیس بھر جانے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں تین کان کن ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے جبکہ دکّی کے علاقے میں ہی گذشتہ برس فروری کے مہینے میں بھی کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکہ ہوا تھا جس میں متعدد کان کن مارے گئے تھے۔ ایسے حادثات میں ہلاکتوں کی بڑی وجہ کان کنوں کی حفاظت کے مناسب انتظامات نہ ہونے کو قرار دیا جاتا ہے۔