• news

الیکشن کمشن سیاسی جماعتوں کو تنظیمی انتخابات کا پابند کرے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن فری پاکستان ہر فرد کی ضرورت ہے۔ بلوچستان میں طبقاتی نظام کی وجہ سے احساس محرومی پایا جاتا ہے، ملک میں نظام مصطفیٰؐ چاہتے ہیں۔ بلوچستان وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جو بدامنی اور بے روزگاری کا نقشہ پیش کر رہا ہے۔ پاکستان اس وقت مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔ لوگوں کے اندر احساس محرومی ہے۔ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے۔ ملک پر کرپٹ اشرافیہ مسلط ہے۔ پاکستان اسلامی نظام کے لیے حاصل کیا گیا تھا لیکن سازش کے تحت عوامی راج اور اسلامی نظام نافذ نہ ہونے دیا گیا جس کی وجہ سے ملک دو لخت ہوا۔ کوئٹہ میں جمعیت طلبہ عربیہ کے زیراہتمام کنونشن اور جماعت اسلامی کوئٹہ کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام ملک کی ترقی و استحکام پر اس وقت یقین کریں گے جب یہاں قانون اور انصاف کی حکمرانی ہوگی۔ کرپشن کا خاتمہ ہوگا، لوٹ مار ختم ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں وسائل اور معدنیات کی کمی نہیں۔ معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے۔ اشرافیہ نے وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے۔ سیاست اور معیشت کویرغمال بنارکھاہے۔ قومی اداروں کو حکمرانوں نے لوٹ کھایا۔ ریلوے، پی آئی اے، سٹیل ملز خسارے میں ہیں۔ وزیر خزانہ نے اعتراف کیا ہے کہ دو سو ارب ڈالر بیرون ملک بنکوں میں جمع کرائے گئے ہیں ۔ مجموعی طور پر 345 ارب ڈالر بیرونی ملکوں میں پاکستانیوں کے جمع ہیں یہ رقم ملک میں آ جائے تو قرضے بھی اتر جائیں گے وار ملک بھی خوشحال ہو جائے گا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ملک کی سیاسی جماعتوں کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ اپنی جماعت میں الیکشن کروائیں ورنہ انہیں قومی انتخابات میں حصہ نہیں لینے دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کو دستور کی دفعہ 62-63 پر سختی سے عمل کرانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کو ترقی کی طرف لے جاسکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن