فوڈ اتھارٹی کے چھاپے، ایک بارات کو مضر صحت کھانا نہ کھانے دیا
لاہور (نیوز رپورٹر) ملاوٹ مافیا، شادی ہالز، پکوان سنٹرز اور ہوٹلز میں ناقص صفائی کی صورتحال کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر آپریشنز عائشہ ممتاز کی سر براہی میں مغل اعظم شادی ہال اور ایمبیسیڈر ہوٹل میں ناقص صفائی، کھلی نالیوں، گندے فریزرز، مضر صحت رنگ استعمال کرنے، اشیاء خورد و نوش پر تاریخ اجراء اور تاریخ تنسیخ نہ ہونے، زائد المیعاد اشیاء استعمال کرنے اور ورکرز کے بغیر میڈیکل سرٹیفکیٹ کام کرنے کی بنا پر سربمہر کر دیا جبکہ مغل اعظم شادی ہال میں بارات کو دو گھنٹے سے زائد وقت تک پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ عائشہ ممتاز بارات کو رخصت کرانے کے بعد وہاں سے گئیں اور اپنی ٹیم کو ہال کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔ سمن آباد ٹائون کی ٹیم نے وحد ت روڈ پر Marriage Hutt Restaurant کو گندے اور ٹوٹے فریزرز، بغیر ڈھانپے اشیاء خوردونوش کو زمین پر رکھنے، فوڈ آئٹمز پر تاریخ اجراء اور تاریخ تنسیخ نہ ہونے اور گوشت کا کوئی ریکارڈ نہ ہونے کی بنا پر سربمہر کر دیا جبکہ علامہ اقبال ٹائون کی ٹیم نے جوہر ٹائون میں مقیم ملک شاپ کو ورکرز کے میڈیکلز نہ ہونے، گندے فریزرز اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات کی بنا پر سربمہر کر دیا۔ گلبرگ ٹائون کی ٹیم نے کینال پارک میں الحبیب ہوٹل کو گندگی، کھلی نالیوںاور برتن دھونے کے لئے سرف استعمال کرنے، نشتر ٹائون کی ٹیم نے عظمت چوک میں منیر ہوٹل اور بابا جلال دین مٹن چنے کو نیلے ڈرم استعمال کرنے اور ناقص صفائی کی وجہ سے، شالیمار ٹائون کی ٹیم نے نیلم سینما چوک میں غوثیہ ہوٹل اور حیدری بونگ پائے کو زائد المیعاد اشیاء استعمال کرنے اور گندگی کی بنا پر جرمانہ عائد کیا اور بہتری کے احکامات جاری کئیے۔ مزید عزیز بھٹی ٹائون کی ٹیم نے عبدالمجید بیکری کو نیلے کیمیکل ڈرم استعمال کرنے اور گندے فریزرز کی بنا پر، علامہ اقبال ٹائون کی ٹیم نے جوہر ٹائون میں Blessing Banquet Hall کو خراب سبزیاں استعمال کرنے اور گندگی کی بنا پر جرمانہ عائد کیا اور بہتری کے احکامات جاری کئیے۔ دریں اثناء نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مغل اعظم شادی ہال میں ایک مہندی اور شادیوں کی تین تقریبات جاری تھیں۔ عائشہ ممتاز نے اس موقع پر کہا کہ دس بجے رات تک موجود ہوں رخصتی ہوتے ہی شادی ہال سیل کر دیا جائے گا۔ عائشہ ممتاز ہال میں بیٹھ گئیں۔